کراچی میں شدید گرم اور مرطوب موسم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد رہا، جس کے باعث گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمے کے مطابق جنوب مغرب کی سمت سے 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم حبس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا ہے۔
آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری گرمی کی لہر کے انتباہ کے مطابق آئندہ تین روز تک بھی شہر میں گرم اور مرطوب موسم برقرار رہنے کی توقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق صبح کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد جبکہ شام کے وقت 65 فیصد تک رہ سکتا ہے، جس سے حبس اور گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سمندری ہواؤں کے ساتھ مغربی سمت سے بھی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمے کے مطابق 13 جون تک صوبے کے میدانی علاقوں میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے اور بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔






















































































